دنیا کی معروف الیکٹرک گاڑی بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی (BYD) نے اپنی نئی لگژری ایس یو وی میں ایک ایسی جدید سسپنشن ٹیکنالوجی پیش کی ہے جس نے آٹو انڈسٹری کو دنگ کر کے رکھ دیا ہے۔ یہ گاڑی نہ صرف ناہموار راستوں پر باآسانی چلتی ہے بلکہ ایمرجنسی میں تین پہیوں پر بھی دوڑ سکتی ہے۔
اس گاڑی میں 'ڈائی سس' (DiSus) نامی جدید ہائیڈرولک سسٹم نصب ہے جو گاڑی کی اونچائی کو سیکنڈوں میں تبدیل کر دیتا ہے۔ چاروں پہیوں کے لیے الگ الگ الیکٹرک موٹرز لگائی گئی ہیں جس کی بدولت یہ گاڑی ٹینک کی طرح ایک ہی جگہ پر 360 ڈگری گھومنے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتی ہے۔
سیلاب یا گہرے پانی کی ہنگامی صورتحال میں یہ گاڑی خودکار طور پر اپنے کیبن کو واٹر پروف کر کے آدھے گھنٹے تک پانی کی سطح پر کشتی کی طرح تیر سکتی ہے جس سے مسافروں کی جان محفوظ رہتی ہے۔
ماہرین کے مطابق بی وائی ڈی کی اس غیر معمولی ٹیکنالوجی نے ثابت کر دیا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کی جدت میں ایشیائی کمپنیاں اب یورپی اداروں سے کہیں آگے نکل چکی ہیں۔